فاسٹ بولر محمدعامر کا کہنا ہے کہ پیشہ ور کھلاڑی کی حیثیت سے لگنے والی پابندیاں تکلیف دہ تھیں یقین نہیں تھا کہ دوبارہ کرکٹ میں واپس آسکوں گا لیکن پر امید ہوں کہ شاندار کارکردگی کے ذریعے مخالفین کو دوبارہ اپنا پرستار بنا لوں گا۔
غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ کے
الزامات اور پابندی کے بعد کبھی سوچا نہیں تھا کہ دوبارہ کرکٹ میں واپس آؤں گا، اور ایک پیشہ ور کھلاڑی کی حیثیت سے لگنے والی پابندیاں بہت تکلیف دہ اور اس دور کی زندگی بہت مشکل تھی، 3 سال تک گیند کو ہاتھ میں نہیں لیا تھا، پابندی کے 6 سال انتہائی مشکل اور مایوس کن تھے کیونکہ مجھے کوئی سہولت میسر نھیں تھی اور نہ ہی میں کرکٹ کھیل سکتا تھا۔
محمد عامر نے کہا کہ لاڈز کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں ہی پہلا ٹیسٹ میچ ہے اور یہ وہی میدان ہیں جہاں 6 سال پہلے میں ایک برے فعل کے باعث کرکٹ سے دور ہوگیا تھا، اس میدان سے بہت سی تلخ یادیں وابستہ ہیں جنھیں اپنی کارکردگی سے شریں بنانے کے لئے بے تاب ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی یاد تکلیف دہ اور دکھوں کا گھر ہے لیکن اب تلخ یادوں کو بھلا کر مستقبل پر نظریں جما لی ہیں، بہتر انسان اور دنیا کا بہترین کرکٹر بننا مقصد بنا لیا ہے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ میرے بارے میں کسی کو بھی اپنی رائے دینے کا حق ہے لیکن مجھے امید ہے کہ میں اپنی بہترین کارکردگی سے دوبارہ اپنے مخالفین کو اپنا پرستار بنالوں گا اور لوگ مجھے معاف بھی کردیں گے۔ اور یہ سب کرنے کےلئے سخت محنت کی ضرورت ہے کیونکہ محنت کروں گا تو ملک کے لئے کچھ کرنے کے خواب بھی پورے ہوں گے۔
No comments:
Post a Comment