نئی دلی (نیوز ڈیسک) عالیشان شادیوں میں کئے جانے والے کروڑوں کے اخراجات اور ان شاہانہ تقریبات کی شان بننے والے قیمتی زر و جواہرات تو اکثر خبروں کا موضوع بنتے رہتے ہیں لیکن بھارت کے ایک دور دراز گاﺅں میں منعقد ہونیوالی شادی میں دئیے جانے والے حیرت انگیز حد تک سادہ اور خوبصورت ’جہیز‘ نے دنیا میں دھوم مچا دی ہے۔ اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کوٹہ ضلع کے ایک چھوٹے سے گاﺅں دھکر کھیری میں منعقد ہونے والی شادی میں جہیز کے طور پر صرف نیم کا ایک پودا دیا گیا، اور دلہے نے بھی اس جہیز کو بخوشی قبول کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق دلہن کے غریب باپ نے لڑکے والوں کوبتایا کہ اس کے پاس انہیں دینے کیلئے اپنی بیٹی اور نیم کے پودے کے سوا کچھ نہیں ہے اور درخواست کی کہ وہ عمر بھر ان دونوں کا اچھی طرح خیال رکھیں۔ دولہے والوں نے دلہن کو جہیز میں ملنے والے تحفے کو نہ صرف قبول کر لیا بلکہ اسے انتہائی خوبصورت اور قیمتی بھی قرار دیا۔
لاڈ پور گاﺅں سے تعلق رکھنے والے دولہے لکشمن کا کہنا تھا کہ اسے دلہن کے والد نے پہلے ہی بتاد یا تھا کہ جہیز میں صرف نیم کا ایک پودا ملے گا۔ اس کا کہنا تھا کہ یہ بات سنتے ہی اس کے چہرے پر بے اختیار مسکراہٹ آگئی اور اس نے یہ جہیز بخوشی قبول کرنے کا وعدہ کر لیا۔
دلہن شکنتلا کابرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نویں جماعت تک پڑھی ہوئی ہیں اور اپنے گاﺅں میں لوگوں کو مختلف قسم کے سرکاری و غیر سرکاری فارم پر کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جہیز کی لعنت کے خلاف ہیں اور انہیں اس بات پر فخر ہے ان کے والد نے اس قبیح روایت کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے انہیں روایتی جہیز کی بجائے ایک خوبصورت پودا تحفے میں دیا ہے۔
No comments:
Post a Comment